پاکستان میں صنفی مساوات پر یو ایس ایڈ کے تعاون سے نشر ڈرامہ سرراہ کی عوام میں پذیرائی

کراچی (انتخاب نیوز) امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی( یو ایس ا یڈ) کے تعاون سے ٹیلی کاسٹ کیے گئے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے 6 اقساط پر مشتمل ڈرامہ سیریل سر راہ کی شاندار کامیابی پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ڈرامہ سر راہ حال ہی میں ایک نجی ٹی وی چینل پر نشر کیا گیا جس کو عوام میں بے حد پذیرائی ملی۔ ڈرامہ سیریل سرراہ یو ایس اے آئی ڈی اور ایک نجی نشریاتی ادارے کے درمیان باہمی تعاون سے نشر کیا گیا جس کی مدد سے یو ایس ایڈ کی طرف سے صنفی مساوات اور پاکستان میں خواتین کو بااختیار بنانے جیسے ترقیاتی اقدامات کے مثالی اہداف کو بہت خوبصورتی کے ساتھ اجاگر کیا گیا۔ پاکستان میں یو ایس اے آئی ڈی کے مشن ڈائریکٹر ریڈ ایشلیمین کا اس موقع پر کہنا تھا کہ میڈیا کسی بھی معاشرتی تبدیلی کیلئے موثر اور کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام معاشروں میں تصورات اور خیالات کو فروغ اور نئی جہت دینے میں میڈیا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ میڈیا تعلیم، رہنمائی، سوج بوجھ اور ادراک سمیت مختلف شعبوں میں عوام کی خدمات میں پیش پیش ہے۔ ڈرامہ سیریل سرراہ کا تصور یو ایس اے آئی ڈی کی آوٹ ریچ اور کمیونیکیشن ٹیم نے پیش کیا ہے جس کا مقصد تفریح کے ساتھ رویوں میں مثبت تبدیلی لانے کے پیغامات مربوط اور بااثر انداز میں عوام تک پہنچانا تھا۔ صنفی مساوات اور پاکستان میں خواتین کو بااختیار بنانے جیسے موضوعات کو اس ڈرامے میں مختلف ذیلی کہانیوں سے اجاگر کیا گیا جن میں سماج کے مختلف افراد، طبقات اور علاقوں کی نمائندگی کی گئی۔ ہر کہانی خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے اس جدوجہد کے گرد گھومتی ہے جو خواتین اور مردوں کو سماجی چیلنجز کا سامنا کرنے کے دوران کرنا پڑتی ہے۔ 4فروری کو شروع ہونے والا سیریل 6 ہفتوں تک جاری رہا اور اس کو سماج کے تمام طبقات کی جانب سے خوب سراہا گیا۔ سرراہ کو نہ صرف سماج کے پسماندہ طبقات اور گروپوں میں بے پناہ پزیرائی ملی بلکہ اس سیریل میں یو ایس اے آئی ڈی کے آگاہی پروگرامز کو بھی پذیرائی ملی جن سے پاکستان بھر میں نوجوان لڑکیوں، خواتین اور پسماندہ طبقوں کو معاشرے میں مقام بنانے میں مدد ملتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں