پی آئی اے نے 2 افسران کو عہدوں سے ہٹانے کے سی اے اے احکامات ہوا میں اڑادئیے
کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) پی آئی اے انتظامیہ نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے احکامات نظرانداز کردئیے۔ پی آئی اے افسران کو عہدوں سے ہٹائے جانے کے سی اے اے احکامات پر 8 ماہ سے عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ دونوں افسران کو عہدوں سے ہٹانے کے بجائے قائم مقام ڈپٹی جنرل مینیجرز تعینات کردیا گیا۔ سی اے اے نے میمونہ فیروزہ اور سعید سومرو کو قوانین کی خلاف ورزی پر بالترتیب اگست اور جولائی 2022 میں عہدوں سے فوری ہٹانے، سیفٹی کے معاملات سے دور رکھنے، کسی بھی انتظامی عہدوں پر فائز اور تعینات نہ کرنے کے نوٹسز جاری کے تھے۔ دونوں مینیجرز کے معطل کئے گئے لائسنس بھی تاحال بحال نہیں کئے گئے۔ سی اے اے نے خاتون افسر کو 5برس تک کسی بھی اہم عہدے پر تعینات نہ کرنے کی پابندی بھی عائد کر رکھی ہے۔ ترجمان سی اے اے کے مطابق سول ایوی ایشن نے بطور ریگولیٹر دونوں افسران کے خلاف کارروائی کے لئے لکھا تھا، لیکن احکامات پر عملدرآمد نہیں کیا گیا، تاہم عملدرآمد کے لیے پی آئی اے پر دباؤ نہیں ڈال سکتے۔


