وزیراعظم کی لکی مروت میں تھانہ صدر اور پولیس وین پر حملوں کی شدید مذمت
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم میاں محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ لکی مروت میں تخریب کاروں کے حملے کے نتیجے میں ڈی ایس پی سمیت 4 پولیس اہلکاروں کی شہادت پر دل دکھی اور رنجیدہ ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپربیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے لکی مروت میں تھانہ صدر اور پولیس وین پر حملوں کی شدید مذمت کی اورجام شہادت نوش کرنے والے ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر اقبال مہمند، سپاہی وقار، مرجان، کرامت کو خراج عقیدت پیش کیا ۔وزیر اعظم نے اے پی سی کے ڈرائیور سردار علی سمیت 6 زخمی پولیس اہلکاروں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔ وزیراعظم نے خیبرپختونخوا حکومت کو شہدا ء کے لئے پیکج اور زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے پولیس افسران/جوانوں کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، پولیس دہشت گردی کے خلاف فرسٹ لائن آف ڈیفنس کا شاندار کردار ادا کر رہی ہے ،تھانہ صدر پر دہشت گردوں کے حملے کا پولیس نے جرائت و بہادری سے مقابلہ کیا۔ دہشت گردی کے خاتمے میں پاکستان کی بقا اور ترقی ہے ۔


