سکھ رہنما امرت پال کا وڈیو پیغام، تحریک کے گروپوں کا مشترکہ اجلاس گولڈن ٹیمپل میں طلب کرلیا

لاہور (این این آئی) بھارت میں خالصتان کے حامی سکھ رہنما امرت پال سنگھ نے شری اکال تخت صاحب کے جتھے دار سے اپیل کی ہے کہ 14 اپریل کو وساکھی کے دن سربت خالصہ یعنی تمام سکھ جتھے بندیوں اورگروپوں کا مشترکہ اجلاس گولڈن ٹمپل امرتسرمیں بلایا جلائے جہاں سکھوں پربھارتی حکومت کے مظالم اور ان کی مشکلات پر بات کی جائے۔وارث پنجاب دے کے سربراہ امرت پال سنگھ گزشتہ دو ہفتوں سے مفرورہیں اوربھارتی پنجاب کی پولیس ان کی کھوج میں ہے۔ امرت پال سنگھ نے نامعلوم مقام سے اپنا ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہےجس میں انہوں نے کہا کہ بھارتی پولیس انہیں گرفتار نہیں کرسکی ہے اور وہ اس وقت ایک محفوظ مقام پر ہیں۔امرت پال سنگھ نے کہا کہ رب کی مہربانی سے وہ پولیس کا بہت بڑا گھیراتوڑ کرنکلنے میں کامیاب ہوئے، خدا ان سے کوئی بڑاکام لینا چاہتا ہے اوریقینا اس میں انہیں مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے سکھوں کے سب سےبڑے سیاسی اورمذہبی مقام شری اکال تخت صاحب کے جتھے دارگیانی ہرپریت سنگھ سے اپیل کی ہے کہ وہ 14 اپریل کو وساکھی کے موقع سربت خالصہ بلائیں جس میں تمام سکھ رہنما شریک ہوں اوراس میں سکھوں کو درپیش مسائل اورمشکلات پر بات کی جائے۔ بھارت میں مختلف سکھ جماعتیں اور گروہ اپنے اپنے مطالبات لیکر احتجاج کرتی ہیں۔ پنجاب کوبچانے اورسکھوں کی بقا کے لئے سربت خالصہ میں بات ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ان کے بہت سے ساتھیوں کو آسام میں قید کیا گیا ہے جبکہ پنجاب کی مختلف جیلوں میں بھی سینکڑوں بیگناہ سکھ نوجوان قید ہیں۔ بھارت کی مودی حکومت جان بوجھ کرسکھوں کو منشیات پر لگارہی ہے اور انہیں ان کی مذہبی پہچان پگڑی،داڑھی اورکرپان سے دور کیا جارہا ہے تاکہ سکھ نوجوان نشے کے عادی ہوکر اپنے حقوق اور خالصتان کی بات نہ کرسکیں۔ذرائع کے مطابق امرت پال سنگھ کی طرف سے گیانی ہرپریت سنگھ کے ذریعے ہتھیارڈالنے اورگرفتاری دینے پر بات چیت ہوئی ہے تاہم اس حوالے سے ابھی فریقین کی طرف سے کسی نے بھی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔ ذرائع کے مطابق امرت پال سنگھ اپنی شرائط پر ہتھیارڈالنے کا خواہشمند ہے تاہم اس کے لئے وہ شری اکال تخت صاحب کے جتھے دار کی ثالثی چاہتا ہے۔ واضح رہے کہ پولیس کریک ڈان سے قبل 3 مارچ کو امرت پال سنگھ نے 3 اکال تخت کے سربراہ گیانی ہرپریت سنگھ سے ملاقات کی تھی۔ بعد ازاں انڈین پنجاب انٹیلی جنس کے سربراہ جسکرن سنگھ نے بھی 24 مارچ کو ہرپریت سنگھ سے ملاقات کی اورانہوں نے گیانی ہرپریت سنگھ کو مشوری دیا تھا کہ وہ امرت پال سنگھ کو سرنڈر کرنے کا مشورہ دیں۔ علاوہ ازیں امرت پال سنگھ کی ویڈیوسامنے آنے پر بھارتی پنجاب پولیس پر یہ دباﺅ ختم ہوگیا ہے کہ امرت پال سنگھ پولیس کی حراست میں ہے جسے کسی نامعلوم مقام پر رکھا گیا ہے۔ امرت پال سنگھ کے اہل خانہ اور حامیوں نے پنجاب پولیس پر انہیں غیر قانونی طور پر حراست میں لینے کا الزام لگاتے ہوئے پنجاب اورہریانہ ہائی کورٹس میں امرت پال سنگھ کی بازیابی کی درخواستیں بھی دائر کررکھی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں