سوراب میں گھروں پر چھاپوں کیخلاف مکینوں نے احتجاجاً شاہراہ بند کردی، پولیس افسران کیخلاف شدید نعرے
سوراب :سوراب میں انتظامیہ کی جانب سے گھر پر چھاپے کے دوران چادر و چار دیواری کے تقدس کی پامالی کیخلاف علاقہ مکینوں نے خواتین کے ہمراہ احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کوئٹہ کراچی شاہراہ کو بلاک کر کے ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کر دیا۔ مظاہرین نے انتظامی اور پولیس آفیسران کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ انتظامیہ کی جانب سے مظاہرین کے مال مویشی واپس کرنے پر احتجاج ختم کر کے شاہراہ کو ٹریفک کی آمد و رفت کیلئے کھول د یا گیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ سوراب کے انتظامی آفیسر سیاسی بنیادوں پر پولیس کی سربراہی میں ہمارے گھروں پر بلا جواز طور پر کارروائیاں کر کے گھروں سے نقدی مال موییشی اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر لے گئے وزیر اعلیٰ بلوچستان آئی جی پولیس اور کمشنر قلات ڈویژن سے اپیل کرتے ہیں کہ معاملہ کی تحقیقات کرکے لوٹا ہوا سامان سوراب انتظامیہ اور پولیس سے برآمد کرکے ہمیں انصاف فراہم کریں، مظاہرین کا کہنا تھا کہ سوراب انتظامیہ نے بتگو میںغلام مصطفی نامی شہری کے گھر پر چھاپے کے دوران اہلکاروں نے لوٹ مار کرکے متاثرہ گھر سے لاکھوں روپے نقدی ، مال مویشی اور دیگر قیمتی سامان لے گئے ہیں، جس پر ہمارے پاس احتجاج اور شاہراہ بلاک کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں، ہم اب زیادتیاں برداشت نہیں کرسکتے، اس طرح کی انتقامی کارروائیوں سے علاقے کا پر امن ماحول خراب ہورہاہے، اس لئے ہماری وزیراعلیٰ بلوچستان اور دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ وہ بتگو واقعہ کی تحقیقات کرکے ہمیں سوراب انتظامیہ اور پولیس کے متنازع آفیسران کی زیادتیوں سے نجات دلائیں.انتظامیہ کی جانب سے مال مویشی واپس کرنے پر مظاہرین نے اپنا احتجاج ختم کردیا اور پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔


