کوئٹہ میں ہنگامہ آرائی، 60 سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا، متعدد رہنماﺅں پر مقدمات درج
کوئٹہ( این این آئی) کوئٹہ میں گزشتہ روز کی ہنگامہ آرائی کے الزام میں پولیس نے 60 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا ، گرفتار ہونے والوں میں قاسم سوری کا بھائی بلال سوری بھی شامل ہے،ہنگامہ آرائی کے دو مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔ ڈی آئی جی کوئٹہ غلام اظفر میسر نے بتایا کہ پاکستا ن تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی گرفتاری کے بعد کوئٹہ میں گزشتہ روز عسکری پارک اور سریاب کے علاقوں ہنگامہ آرائی کے واقعات سامنے آئے تھے ، پولیس نے ہنگامہ آرائی اور تشدد کے دو مقدمات بجلی روڈ تھانہ اور نیو سریاب تھانے میں درج کئے ہیں جن میں توڑ پھوڑ ،اقدام قتل اور انسداد تخریب کاری کی دفعات درج کی گئی ہیں ۔ڈی آئی جی کوئٹہ غلام اظفر میسر نے بتایا کہ کوئٹہ میں ہنگامہ آرائی کے الزام 60 سے زائد افراد کو حراست میں لیا ہے ، گرفتار ہونے والوں میں قاسم سوری کا بھائی بلال سوری بھی شامل ہے ۔ڈی آئی جی کوئٹہ نے بتایا کہ بدھ کو کوئٹہ میں امن وامان کی صورتحال بالکل نارمل رہی ہے اہم عمارتوں اور تنصیات پر پانچ سو سے زائد اضافی نفری تعینات کردی ہیں جبکہ اتنے ہی اہلکار ریزو میں رکھا گیا ہے ۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر قاسم سوری ، صوبائی وزیر مبین خلجی ، پی ٹی آئی کے صوبائی صدر ڈاکٹر منیر بلو چ سمیت دیگر رہنماﺅں کے خلاف قتل ،اقدام قتل ، تخریب کاری ، سر کا ری اسلحہ چھینے ، بغاوت ، کار سر کار میں مداخلت سمیت 18دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ۔ بدھ کو کوئٹہ کے بجلی روڈ تھانہ میں بجلی روڈ تھانہ کے ایس ایچ او سب انسپکٹر محمود خا ن خروٹی کی مدعیت میں درج کئے گئے مقدمے میں صوبائی وزیر مبین خلجی ، قاسم سوری، ڈاکٹر منیر بلوچ، بلال سوری ، خادم حسین وردک، باری بڑیچ سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنماﺅں کو نامزد کیا گیا ہے ۔ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے رہنماﺅں اور کارکنوں نے قاسم سوری اور مبین خلجی کی ہدایات پرایئر پورٹ روڈ پر مظاہرہ کر تے ہوئے سڑک بلاک کر کے جلاﺅ گھیراﺅ کیا اور مظاہرین کو اکساتے ہوئے عسکری چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش کی پو لیس کی جانب سے روکنے پر مظاہرین نے براہ راست فائرنگ شروع کر دی جس میں عمر عزیز نا می شخص جاں بحق ہو ا جبکہ سات افراد زخمی ہوئے مظاہرین نے حکومت پاکستان اور حساس اداروں کے خلاف نعرے بازی کی سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچایا پو لیس سے اسلحہ چھینا اور گاڑیوں کو آگ لگائی ایف آئی آر کے مطابق پو لیس نے 14افراد کو گرفتار بھی کیا ہے ایف آئی آر میں انسداد تخریب کاری ایکٹ کی دفعہ 7اورتعزیرات پاکستان کی دفعات 302، 324،337A/D/F،186،353،147،148،149،427،436،124A،153A،505 ،109شامل کی گئیں ہیں ۔


