وزیراعلیٰ بلوچستان نے غریب اور بے گھر مسیحی افراد کیلئے 20 ایکڑ زمین کی منظوری دیدی

کوئٹہ : پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور خلیل جارج نے کہاہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نے غریب اور بے گھر مسیحی افرادکو اپنے گھروں کی فراہمی کیلئے 20ایکڑ زمین کی منظوری دیدی ہے جس پرجلدہی کام شروع کردیاجائے گا، صوبائی حکومت اقلیتوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے ۔یہ بات انہوں نے نوری نصیرکلچرل سینٹر میں دارلعمل ویلفیئرآرگنائزیشن کی جانب سے اپنے اعزازمیں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی تقریب سے پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنماوسابق رکن صوبائی اسمبلی ولیم برکت، پیپلزپارٹی کے رہنما چوہدری شان سلامت ،ڈاکٹر وحیدیوسف اوردیگر نے بھی خطاب کیا۔ خلیل جارج نے کہاکہ بلوچستان میں بسنے والی اقلیتوں اور خاص کر مسحی قوم نے ہمیشہ بلوچستان کی تعمیرو ترقی میںاپنابھرپورکرداراداکیا ہے مسیحی قوم کی تعلیم ،صحت سمیت دیگر شعبوں میں خدمات ناقابل فراموش ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور صوبائی حکومت بلوچستان میں بسنے والے اقلیتوں کو درپیش مسائل کے حل اورانہیں بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے وزیراعلیٰ نے اقلیتوں کی عبادت گاہوں کیلئے سا¶نڈ سسٹم کے علاوہ سیکورٹی آلات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایاجبکہ سرکاری محکموں کوسرکاری ملازمتوں میںاقلیتوں کے 5فیصدکوٹے پرسختی سے عملدرآمدکی ہدایات جاری کیں جس کی بدولت اقلیت سے تعلق رکھنے والے پڑھے لکھے نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی میں مددمل رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ میری درخواست پر وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجواور صوبائی کابینہ نے بے گھراورغریب مسیحی افراد کو گھروں کی فراہمی کیلئے کوئٹہ میں 20ایکڑ زمین کی فراہمی کی منظوری دیدی ہے جس پرجلدہی ہاوسنگ اسکیم بنائی جائے گی جسمیں بیواوں اور بے گھر افراد کو مفت 1500فٹ کے پلاٹ فراہم کئے جائیں گے جن افراد کو یہ پلاٹ فراہم کئے جائیںگے وہ یہ پلاٹ فروخت نہیں کرسکیںگے۔انہوں نے کہاکہ رہائشی اسکیم میں اسکول ،عبادت گاہ ، سپورٹس کمپلیکس اور قبرستان کیلئے بھی زمین مختص کی جائے اگر کوئی شخص پلاٹ کی فراہمی کیلئے کسی سے کوئی رقم مانگے تو عوام اس کی نشاندہی کریں تاکہ اسکے خلاف کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔ خلیل جارج نے کہاکہ ہمیں سیاست سے بالاتر ہوکر غریب ،نادار افرادکی مدد کرنی چاہئے تاکہ وہ بھی معاشرے میں عزت کی زندگی گزارسکیں۔ انہوں نے کہاکہ دارلعمل ویلفیئر آرگنائزیشن کی جانب سے 20ایکڑزمین کی منظوری کرانے کی خوشی میں میرے اعزازمیں تقریب کے انعقاد آرگنائزیشن کے عہدیداروں کا شکریہ اد اکرتا ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں