بلوچستان میں مہمان پرندوں کے غیر قانونی شکار کی روک تھام کیلئے حکومت اقدامات کررہی ہے، قدوس بزنجو

کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے موسمی پرندوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ جنگلات و نباتات اور پرندے قدرت کا حسین تحفہ ہیں، جنکا تحفظ ہر زی شعور فرد کی ذمہ داری ہے، وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ بلوچستان جغرافیائی طور پر ایسے خطے میں واقعہ ہے جو موسمی پرندوں کی آمد و رفت کی گزرگاہ ہے اور خاص طور سے موسم سرما میں سائبیریا سے آنے والے پرندوں کا مسکن ہے، انہوں نے کہا ہے کہ ان پرندوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور انکے غیر قانونی شکار کی روک تھام کے لیئے صوبائی حکومت ہر ممکن اقدامات کررہی ہے محکمہ جنگلات و جنگلات حیات اور متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو اس حوالے سے واضح ہدایات جاری کی گئیں ہیں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ہم پہلے ہی سے فطرت کے اصولوں کے خلاف اقدامات سے موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز کا سامنا کر رہے ہیں اور اگر ہم نے اپنے رویوں کو تبدیل نہ کیا تو مزید قدرتی آفات کا سامنا کرنا پڑے گا وزیراعلیٰ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ موسمی پرندوں کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کریں جو ہم سب کی اخلاقی و قومی ذمہ داری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں