سیکورٹی کے نام پر 40 ارب لینے کے باوجود بلوچستان میں عوام اور فورسز تخریب کاری کا شکار ہیں، این ڈی ایم

کوئٹہ (آن لائن) نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے صوبائی بیان میں جماعت اسلامی کے مرکزی امیر سراج الحق پر ژوب میں حملے کو تخریب کاری قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی گئی ہے اور کہا گیاہے کہ واقعہ پشتونخوا وطن پر ریاستی اداروں اور جرنیل شاہی کی مسلط تخریب کاری کا تسلسل ہے، جس کے ذریعے استعماری و آمرانہ عزائم اور پشتون دشمن پالیسیوں کی تکمیل کرنا ہے اور اس کے تحت خوف پھیلا کر جمہوری سیاسی عمل و جدوجہد کا راستہ روکنا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بے امنی و تخریب کاری پھیلا کر اس کی آڑ میں صوبے کی سیاست و معیشت اور تمام فیصلوں پر حکومت و سول انتظامیہ کی آئینی و قانونی رٹ و اتھارٹی عملاً ختم کی گئی ہے اور اس پر فوجی بیوروکریسی اور ایجنسیوں کا قبضہ مسلط کیاگیا ہے۔ سیکورٹی کے نام پر صوبے کے عوام کی خزانے سے 40 ارب سے زائد رقم لی جارہی ہے اور اسی طرح تیل و کوئلے اور دیگر کاروبار پر یومیہ کروڑوں روپے کی بھتہ گیری سرعام جاری ہے جس کیلئے ایسی صورتحال مسلط کی گئی ہے کہ جس میں سیاسی رہنما و کارکن،عوام اور لیویز و پولیس اور دیگر فورسز کے اہلکار تخریب کاری کا شکار ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ان استعماری و آمرانہ پالیسیوں اور جرنیل شاہی کے نظام نے ملک کو موجودہ تباہ کن صورتحال سے دوچار کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں