بلوچستان ہائیکورٹ میں عمران خان کیخلاف غداری کیس کی سماعت، مدعی کی جانب سے کوئی پیش نہ ہوا
کوئٹہ : سابق وزیر اعظم عمران خان کیخلاف سنگین غداری مقدمے کی سماعت بلوچستان ہائی کورٹ میں 7 جون تک ملتوی۔ عمران خان کی جانب سے کوئی وکیل پیش نہیں ہوا۔ چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس محمد عامر نواز رانا پر مشتمل ڈویژن نے بلوچستان ہائی کورٹ میں سابق وزیراعظم عمران خان نیازی کیخلاف آئین کی خلاف ورزی پر آرٹیکل 6 کی روشنی میں سنگین غداری کے کیس میں سپریم کورٹ کے وکیل عبدالرزاق شر کی آئینی درخواست کی سماعت ہوئی۔ وفاق کے نمائندے ایڈیشنل اٹارنی جنرل حافظ رﺅف عطا اور محمد نسیم کاسی ڈپٹی اٹارنی جنرل کی جانب سے جواب داخل کرنے کی استدعا پر مزید سماعت بدھ7 جون 2023ءتک ملتوی کردی گئی۔ درخواست گزار کی جانب سے سابق صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن امان اللہ کنرانی پیش ہوئے جبکہ مدعا علیہان سیکرٹری قومی اسمبلی و عمران خان کی طرف سے کوئی پیش نہیں ہوا۔


