وزیراعظم کی ترکیہ میں مختلف ممالک کے رہنماؤں سے ملاقات

انقرہ(صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے ترک صدر رجب طیب اردوان کی تقریب حلف برداری کے موقع پر مختلف ممالک کے رہنماؤںسے ملاقات کی ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے سابق نائب وزیراعظم اورایم ایچ پی پارٹی کے چیئرمین دیولت مہچیلی سے ملاقات کی۔انہوں نے صدراردوان کے ہمراہ انتخابات میں بھرپور کامیابی پرمبارکباد پیش کی۔وزیراعظم سے جمہوریہ کوسووکی صدروجوسہ عثمانی سادیرو نے ملاقات کی،دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون کی خواہش کا اظہارکیا۔وزیراعظم کی ایران کے اول نائب صدر محمد مخبر سے ملاقات ہوئی،شہباز شریف نے بلوچستان اورسیتان سرحد مارکیٹ کے قیام اور ایرانی صدر سے حالیہ ملاقات کاحوالہ دیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان بارٹر ٹریڈ خوش آئند پیشرفت ہے،سرحدی مارکیٹ سے دونوں ممالک کے عوام کوفائدہ ہوگا۔اس کے علاوہ وزیراعظم سے ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف کی بھی ملاقات ہوئی۔ خطے میں روابط کے فروغ اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر گفتگوکی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں