بلوچستان میں بغیر لائسنس اور غیر قانونی پیٹرول پمپس کیخلاف کارروائی کے احکامات
کوئٹہ (آن لائن) انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان نے صوبے میں بغیر لائسنس اور غیر قانونی پٹرول پمپس کیخلاف کارروائی کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے 3یوم میں کریک ڈاون کرکے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔نوٹفیکیشن میں تمام رینج کے ڈی آئی جیز اور تمام اضلاع کے ایس ایس پیز کو ہدایت جاری کی ہے کہ اپنے اپنے علاقوں میں موجود متعدد غیر قانونی پٹرول پمپس موجود ہیں جو حفاظتی انتظامات اور بغیر لائسنس کے کام کر رہے ہیں ان کی وجہ سے عوام کے حفاظتی اقدامات اور ماحولیات کو خطرات لاحق ہیں۔سینٹر ل پولیس آفس کوئٹہ کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق غیر قانونی پٹرول پمپس میں حفاظتی اقدامات پر عمل پیرا نہ ہونا جیسے پٹرولیم مصنوعات کی مناسب اسٹوریج اور ہینڈلنگ ، ناقص ساز و سامان، آگ سے بچنے کے حفاظت کے ناکافی اقدامات اور سہولیات کی ناقص بحالی سے آگ، دھماکے اور آلودگی سمیت دیگر واقعات پیدا ہو سکتے ہیں۔آئی جی پولیس نے 3 یوم کے اندر بلوچستان بھر میں موجود غیر قانونی پٹرول پمپس کیخلاف کریک ڈان کر کے روپورٹ طلب کرلی ہے بلوچستان کے علاقوں حب ، لسبیلہ ،گوادر اور کیچ میں بھی موجود غیر قانونی بغیر لائسنس یافتہ پٹرول پمپس کیخلاف کارروائی کا باقاعدہ آغاز کیا جارہا ہے۔


