صوبائی بجٹ میں عوام اور سرکاری ملازمین کو ریلیف فراہم کرینگے، زمرک اچکزئی
کوئٹہ (آئی این پی) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما و صوبائی وزیر خزانہ انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا کہ گورنمنٹ ٹیچرزکے مطالبات آئندہ دو دن میں حل کیے جائیں گے۔ صوبائی کابینہ نے آپ کے مسائل کو حل کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں صوبائی بجٹ میں عوام اور سرکاری ملازمین کو ریلیف فراہم کرینگے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن کے تادمِ مرگ بھوک ہڑتالی کیمپ میں بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت صوبائی وزیر خزانہ اور پارٹی کی حیثیت سے ہمارا فرض بنتا ہے کہ ملازمین کے حقوق کا تحفظ کرو اور ان کے مسائل کو حل کیا جا سکے اور خاص کر اساتذہ کے مسائل کو حل کرنا ہمارے زمہ داری ہے انہوں نے کہا کہ اساتذہ کا اپنا مقام ہے اور بچوں کا مستقبل آپ لوگوں سے وابستہ ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان سے اساتذہ کے مسائل کے حوالے سے دو مرتبہ ملاقات کی اور وزیر اعلیٰ بھی اس بارے میں فکرمند ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت کی بھی کچھ مجیوری ہوتی ہے گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن بھی اس بارے حکومت کے ساتھ تعاون کرے انہوں نے کہا کہ صوبائی کابینہ میں آپ کے مسائل کے حوالے سے بات چیت ہوئی ہے آیندہ دو دن میں خوش خبری دیں گے اور گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن کے مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کریں گے دریں اثنا صوبائی وزیر خزانہ نے عوامی نیشنل پارٹی ضلع لورالائی کے وفد سے بھی ملاقات کی اور ان مطالبات کو تسلیم کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔


