کراچی کی ڈاکو رانی لاہور پولیس کے ہتھے چڑھ گئی
کراچی(صباح نیوز)کراچی کی ڈاکو رانی لاہورپولیس کے ہتھے چڑھ گئی۔ ملزمہ نے فیملی ممبرزکو ملا کر گینگ بنالیا ۔ ڈاکو رانی پوش علاقوں کے گھروں میں گھس کردرجنوں وارداتیں کرچکی ہے۔ جرم کی دنیا میں ڈاکو رانی کے نام سے مشہور کراچی کی نسرین بی بی لاہورمیں واردات کرتی پکڑی گئی۔ملزمہ کا شوہرلانڈھی ،بھائی اوربھابی گوجرانوالہ جیل میں قیدہیں۔ ملزمہ نے دیوراور جیل کے ساتھیوں کواکٹھا کرکے واردات کرنے لاہور پہنچ گئی۔ لیکن قسمت اس پر مہربان نہ تھی۔ اسکا سامنا سی آئی اے چوہنگ پولیس سے ہوگیا۔ ڈی ایس پی سی آئی اے چوہنگ نے بتایا کہ ڈاکورانی پوش علاقوں کے گھروں میں کام کرنے والے ملازمین کوجال میں پھنسا کرراز اگلواتی اورموقع ملتے ہی کام دکھا جاتی۔ ڈاکو رانی کے قبضے سے پچاس لاکھ روپے مالیت کا سامان اور اسلحہ برآمدکر لیا گیا۔ ملزمہ کے ریکارڈ کیلئے کراچی پولیس سے بھی رابطہ کرلیا گیا ہے۔


