یونان کوسٹ گارڈ نے ڈوبتے لوگوں کو نہ بچاکر ظلم کیا، خواجہ آصف

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے، یونان کوسٹ گارڈ نے ڈوبتے لوگوں کو نہ بچاکر ظلم کیا۔ قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ یورپ جانے والے افراد کی خواہش کا مجرموں نے فائدہ اٹھایا، ہماری حکومت کے پاس 2 ماہ ہیں، ہم ان ایجنٹوں کے خلاف کارروائی کر سکتے ہیں۔ یونان میں کشتی حادثے میں ہونے والی اموات ایک بہت بڑا سانحہ ہے، انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے، سوگوار خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنی حکومت، تمام اتحادیوں سے مل کر سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں، اصل بات یہ ہے کہ یہ کاروبار بند ہونا چاہیے، یوم سوگ پر یہ پارلیمنٹ بھی دکھ میں شریک ہے۔ وزیردفاع نے کہا کہ یونان کشتی حادثے میں پورے ملک سے کئی پاکستانی جاں بحق ہوئے، یونان کے کوسٹ گارڈ نے بے حسی کا مظاہرہ کیا، ڈوبتے لوگوں کو نہیں بچایا، یونان کے لوگوں نے اس پر احتجاج کیا۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی واقعات کے بعد پاکستان تحریک انصاف کا اصل چہرہ سب کے سامنے آچکا، 9 مئی واقعات کے بعد کچھ لوگوں نے مذمت کی بجائے پی ٹی آئی کے لیے بیرون ملک لابنگ کی۔انہوںنے کہا کہ اس روز وائس چانسلر صاحبان سے متعلق بات کی تھی اس پر معذرت کی، آج بھی کرتا ہوں، لیکن یہاں کئی وی سی حضرات 11 برس سے عہدوں پر موجود ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں