رواں برس 160 ممالک کے 20 لاکھ عازمین حج کی میزبانی کریں گے،سعودی عرب
ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب نے کہا ہے کہ 160ممالک سے آنے والے 20لاکھ سے زائد عازمین حج کی سرزمین مقدس پر میزبانی کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ العربیہ نیوز کے مطابق سعودی وزیر برائے حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے سرزمینِ مقدس میں اللہ کے مہمانوں کے شایان شان استقبال کی تیاری سے متعلق ایک دستاویزی فلم کا اجرا کیا۔ یہ دستاویزی فلم حج کے مناسک ادا کرنے کی تیاری کے موقع پرپیش کی جا رہی ہے۔تقریب سے خطاب میں حج و عمرہ کے وزیر ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا کہ اللہ مہمانوں کی شاندار میزبانی کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ چند دنوں کے بعد دنیا کے تمام ممالک سے آنے والے لاکھوں مسلمان اس عظیم تلبیہ کا ورد کریں گے۔ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے مزید کہا کہ دنیا بھر سے 20لاکھ سے زائد مسلمان حج کی سعادت حاصل کرنے پہنچیں گے۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی ہدایات اور نگرانی میں حاجیوں کی ہر ممکن خدمت کریں گے۔وزیر حج و عمرہ نے بتایا کہ سعودی عرب میں مقدس مقامات میں نقل و حمل کے لیے ایک مربوط انفراسٹریکچر ترتیب دیا ہے جو 9اسٹیشنوں اور 17ٹرینوں پر مشتمل ہے جس میں فی گھنٹہ 72ہزار مسافروں کے سفر کرنے کی گنجائش ہے۔اس کے علاوہ حجاج کرام کو مقدس مقامات تک لانے اور لے جانے کے لیے 24ہزار بسیں بھی موجود ہیں۔ منی میں21لاکھ 92 ہزار مربع میٹر رقبے پر محیط دنیا کا سب سے بڑا خیمہ شہر بسایا جا رہا ہے۔