پرویز الہی واپس آنا چاہتے ہیں لیکن اسپین میں بیٹھا شخص نہیں مان رہا، چوہدری شافع
گجرات(صباح نیوز) مسلم لیگ ( ق)کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کے بیٹے چوہدری شافع حسین نے کہا ہے کہ پرویز الہی ہمارے پاس واپس آنا چاہتے ہیں لیکن اسپین میں بیٹھا شخص نہیں مان رہا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شافع حسین نے کہا کہ چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویزالہی کی ملاقات مثبت رہی۔ انہوں نے کہا کہ مونس الہی ایک سال پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ سیاست اپنی اپنی، خاندان تو ہمارا ایک ہے لیکن سیاسی طور پر فیصلہ انہوں نے خود کرنا ہے۔ چوہدری شافع حسین کا کہنا تھا کہ پرویز الہی کو مسلم لیگ (ق)میں واپس آنے کی باقاعدہ دعوت دے دی ہے اور وہ ہمارے پاس آنا چاہتے ہیں لیکن اسپین میں بیٹھا شخص نہیں مان رہا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن)کے ساتھ مستقبل میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوسکتی ہے۔ سابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی اور چوہدری شجاعت کے درمیان اختلافات کے بعد پرویز الہی نے سیاست میں اپنی راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔


