کوہلو ڈی ایچ کیو اسپتال میں ڈائیلاسز سینٹر فعال، بجلی کی عدم فراہمی سے مریضوں کو مشکلات

کوہلو (آن لائن) 2 سال سے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوہلو میں موجود ڈائیلاسز سنٹر غیر فعال رہنے کے بعد گزشتہ ہفتے ڈپٹی کمشنر کی دلچسپی کے باعث ایک بار پھر فعال ہوگیا۔ سنٹر میں ٹیکنیکل عملے کو تعینات کیا گیا جس کے بعد مریضوں کو ڈائیلاسز کی سہولت دہلیز پر میسر آگئی ہے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے باعث ڈائیلاسز کا عمل بری طرح متاثر ہے دوسری جانب ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوہلو میں موجود جنریٹر سسٹم تیل کی عدم فراہمی کے باعث غیر فعال ہے۔ ہسپتال میں زیر علاج مریضوں نے بجلی کی عدم فراہمی کی شکایت ڈپٹی کمشنر کوہلو اعجاز جعفر کو کی جس پر ڈپٹی کمشنر نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے اور فوری طور پر جنریٹر سسٹم کو چلانے کے لئے بیٹری فراہم کردی اس موقع پر انہوں نے ایم ایس ڈی ایچ کیو کو ہدایت کی کہ زیر علاج مریضوں کو ڈائیلاسز کی سہولت فوری میسر کیا جائے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوہلو میں زیر علاج مریضوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں مشینری اور عملہ تو موجود ہے مگر بجلی کا کوئی انتظام نہیں ہے جنریٹر میں فیول، ڈائیلاسز مشین میں بائی کار اور نیڈل وغیرہ کا انتظام اپنی جیب سے کررہے ہیں اس سے قبل پنجاب کے شہر ڈی جی خان یا کویٹہ جانا پڑتا تھا جہاں کرایہ اور رہائش کی مد میں ہزاروں روپے ایک ڈائیلاسز پر خرچ کرنا پڑ رہے تھے۔ انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ڈائیلاسز مرکز میں بجلی کا انتظام یا جنریٹر کے فیول کے لئے الگ سے بجٹ تجویز کریں تاکہ انہیں اپنے شہر میں ڈائیلاسز کی سہولت میسر آسکے۔ دوسری جانب ڈپٹی کمشنر کوہلو کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر کوہلو عبدالستار مینگل نے بھی ڈائیلاسز سنٹر کا دورہ کیا اور زیر علاج مریضوں سے ان کے مسائل دریافت کئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں