قرآن پاک کی بے حرمتی، سعودی عرب کا سوئیڈش سفیر طلب کرکے شدید احتجاج
ریاض(انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی عرب نے قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے پر سوئیڈن کے سفیر کو طلب کرکے شدید احتجاج لیا۔سعودی عرب کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق ریاض میں سوئیڈن کے سفیر کو وزارت خارجہ طلب کر کے اسٹاک ہوم میں انتہا پسند جنونی شخص کی جانب سے قرآن پاک کے اوراق نذر آتش کرنے کی گھناؤنی حرکت کو سنگین جرم قرار دیتے ہوئے انتہاپسند شخص کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔سعودی عرب کی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سویڈن کی ایک مسجد کے باہر قرآن پاک کو نذر آتش کرنے کا گھناؤنا فعل ناقابل قبول اور گھٹیا حرکت ہے۔بیان کے مطابق یہ گھناؤنا واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب پوری دنیا کے مسلمان عیدالاضحی منا رہے تھے۔ اس مکروہ حرکت سے کروڑوں مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔سعودی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ایسی کارروائیوں کو روکا جائے جن سے رواداری کونقصان پہنچتا ہے۔ سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ مسلمانوں کی مقدس کتاب کی بے حرمتی سے اعتدال پسندی کی فضاء متاثر ہوتی ہے۔ ایسی کارروائیاں عالمی تعلقات کے درمیان براہ راست تصادم کا باعث بنتی ہیں۔


