بی این پی کی ہڑتال کے دوران خاتون کیساتھ انسانیت سوز رویہ اپنایا گیا، آصف ترین
کوئٹہ (این این آئی) بی این پی کی ہڑتال کے دوران ماں کے ساتھ انسانیت سوز روایہ اپنایا گیا، آج بلوچ قوم کی بہادری و شجاعت کی تاریخ و غیرت کو مسخ کیا گیا، بلوچ قوم مر تو سکتی ہے لیکن اعلان جنگ میں بھی عورت کو راستہ نہیں روکتی۔ یہ بات تحریک انصاف بلوچستان کے سینئر رہنما محمد آصف ترین نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ بی این پی (مینگل) کی ہڑتال کے دوران ایک مظلوم ماں اپنے سرزمین کے بیٹوں سے اپنی بچی کے ہسپتال تک پہنچانے کے لئے فریاد کرتی رہی لیکن اپنی ذاتی مفادات کے لئے ہڑتال کا ڈرامہ رچانے والوں نے نہ صرف اس ماں کی بچی کا قتل کیا بلکہ پوری انسانیت کا قتل اور بلوچ قوم کی ہزاروں سال پر مبنی شجاعت، بہادری، عورتوں کی تعظیم و عزت حتی کہ اعلان جنگ کے باوجود دشمن کے عورتوں تک کو راستہ دینے کی تاریخ و غیرت کو پامال کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آج بلوچستان میں بسنے والے تمام اقوام اس مظلوم و فریادی ماں سے شرمندہ ہے متعلقہ سینئر قیادت سے مطالبہ کرتی ہے کہ اس مظلوم ماں کیساتھ کی گئی زیادتی کے ازالے کے لئے تمام تر ممکنہ اقدامات و فیصلے کئے جائیں تاکہ بلوچستان کے عوام کے اس واقعے کے حوالے سے غم و غصے کم ہو اور ہماری تاریخ داغدار نہ ہو ۔


