پاکستان بھر میں بارشوں سے جاں بحق افراد کی تعداد 21 ہوگئی، درجنوں زخمی

لاہور (آئی این پی) ملک بھر میں ہونے والے شدید بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں بچوں ، خواتین سمیت مزید 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔ حالیہ بارشوں سے جاں بحق افراد کی تعداد 21 ہوگئی جبکہ درجنوں زخمی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز سے سے جاری طوفانی بارش کے باعث اہم شاہراہیں سمندر کا منظر پیش کرنے لگیں، جہاں تاحد نگاہ پانی ہی پانی موجود ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق کامونکی میں عبداللہ روڈ پر بارش کے باعث بوسیدہ مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کی 8 افراد دب گئے۔ محلہ داروں نے ملبے سے ماں اور دو بچیوں کی نعشیں نکال لیں، مرنے والوں میں 2 سالہ نور فاطمہ،13 سالہ مریم اور 50 سالہ حاجرہ بی بی شامل ہیں۔ لاہور کے علاقے چونگی امرسدھو میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرگئی، ملبے تلے دبنے سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ملبے تلے دبے ایک شخص کو زندہ نکال لیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق لاہور کے علاقے مزنگ اسپتال کی دیوار بارش کے باعث گرگئی،حادثے میں 15 افراد زخمی ہوگئے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اسپتال سے ملحقہ دیوارگرنے سے مزنگ اسپتال کا ویٹنگ شیڈ گرا ہے۔ دوسری جانب شرقپورشریف میں بارش کے دوران پانی کا موٹر چلاتے ہوئے کرنٹ لگنے سے دادا اور پوتا جاں بحق،ریسکیو حکام نے دادا پوتے کی لاشیں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں