وفاقی وزیر سمندری امور نے گوادر میں فری زون ایگریکلچر انڈسٹریل پارک کا افتتاح کردیا

گوادر (نامہ نگار )وفاقی وزیر برائے سمندری امور قیصر احمد شیخ نے گوادر میں فری زون ایگریکلچر انڈسٹریل پارک کا افتتاح کردیا۔ افتتاحی تقریب چائنا بزنس سینٹر میں منعقد ہوئی۔ افتتاحی تقریب میں چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی پسند خان بلیدی اور چیئرمین چائنا اورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی (کوپک) بھی شریک تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ وزیر اعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر گوادر آئے ہیں۔اس دورے کا مقصد گوادر کے میگا منصوبوں کا معائنہ اور زیر تکمیل پروجیکٹس کے کام کو تیز کروانا ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ گوادر کے لوگوں کیلیئے بہت سے اہم ترین منصوبے پایہ تکمیل کو پہنچے ہیں۔ ان منصوبوں میں ایران سے ایک سو میگاواٹ بجلی، ڈیمز، ڈی سیلینیشن پلانٹس، سڑکیں اور اسپتال شامل ہیں۔ وفاقی وزیرقیصر احمدشیخ نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں گوادر کے منصوبوں کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کے خواہاں ہیں اور دوست ملک چین کی معاونت سے فری زون میں ڈی سیلینیشن پلانٹ کی تنصیب ہوچکی ہے جو شہریوں کو یومیہ 12 لاکھ گیلن پانی فراہم کرے گا۔ ڈی سیلینیشن پلانٹ کے پانی کو شہر سے منسلک کرنے کا کام رہ گیا ہے جوکہ جلد ہوجائے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین چائینا اورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی کوپک نے کہا کہ اقتصادی راہداری کے منصوبوں پر پاک چین مثالی کام کر رہے ہیں۔ ان منصوبوں کی تکمیل کو دیکھ کر پاک چین دوستی پر فخر محسوس ہوتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں