پیپلز پارٹی بجٹ کو مکمل مسترد کرتی ہے، بلاول بھٹو زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی بجٹ کو مکمل طور پر مسترد کرتی ہے۔

ایک بیان میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے حکومتی بجٹ پر اپنے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے مایوس کن بجٹ پیش کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ان دنوں تاریخی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے، کورونا وائرس کی وباء کی وجہ سے آج ہر پاکستانی کی جان خطرے میں ہے۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ ٹِڈی دل کا سب سے بڑا حملہ ہماری زراعت پر ہے جو فوڈ سیکیورٹی اور معیشت کے لیے بڑا خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ میں ملک کو درپیش خطرات کو کوئی اہمیت نہیں دی گئی، پی ٹی آئی حکومت نے روایتی بجٹ پیش کیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ پی ٹی آئی ایم ایف کا عوام دشمن بجٹ ہے، وفاقی بجٹ میں عام آدمی کو کوئی ریلیف نہیں ملا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج پیش کیے گئے بجٹ میں ریلیف صرف امیر طبقے کو ملا ہے، بجٹ میں عام آدمی کو صرف اور صرف تکلیف دی گئی ہے۔

چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کا یہ بھی کہنا ہے کہ بجٹ میں تنخواہوں اور پینشنز میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا، اس وقت بزرگوں کو پینشن بڑھا کر ریلیف پہنچانا چاہیے تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں