مقدس امانت اگست میں نگران حکومت کے سپرد کردیں گے، شہباز شریف
اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگست 2023ءکو مقدس امانت نگران حکومت کے سپرد کردیں گے، محض 15ماہ میں چار سال کی بربادیوں کا ملبہ صاف کیا، ووٹ بینک کے بجائے اسٹیٹ بینک میں اضافے کی کوشش کی، سازشوں کے سامنے ہمت نہیں ہاری، اب کشکول توڑ کر اپنے پاﺅں پر کھڑے ہونے کا وقت آگیا ہے ،قرض کی زندگی نامنظور ہے ،آئیں نفرتیں ختم کریں ، محبتیں بانٹیں ، ایک قوم بن کر ملک کی خدمت کریں ،ہم نے مختصر مدت کی حکومت میں ریاست بچانے کیلئے سیاست کی قربانی دی ،ہمیں غلامی کی زنجیریں توڑ کر اپنے پاﺅں پر کھڑا ہونا ہوگا ،دوست اور برادر ملکوں نے خلوص دل سے ہماری مدد کی ،سفارتی سطح پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو ، وزیر خزانہ اسحاق ڈار ، سپہ سالار جنرل عاصم منیر کی کاوشوں سے آئی ایم ایف سے سٹاف لیول معاہدہ کرنے میں کامیاب ہوئے ،اس حکومت نے تمام معاشی چیلنجز کے باوجود ترقی کا سفر شروع کیا ، گزشتہ حکومت کی جانب سے بچھائی گئی بارودی سرنگوں کے باوجود دن رات انتھک محنت کرکے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، سوا سال کا یہ عرصہ ناامیدی کے اندھیروں سے امید کی روشنی کی طرف ایک پرعزم سفر تھا، سب کچھ کھو جان سے کچھ حاصل ہونے کا آغازتھا، تخریب، انتشار اور فساد کے راستے تعمیر کی طرف پلٹنے کا سفر تھا ۔


