اتحادی حکومت نے اقتصادی بحالی کیلئے پورا ملک گِروی رکھ دیا، جماعت اسلامی

لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعتِ اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت نے اقتصادی بحالی کے لئے پورا ملک گِروی رکھ دیا۔ مرکزی تربیت گاہ منصورہ، یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ اتحادی حکومت نے اقتدار انجو ائے کرلیا، عوام کا کچومر نکال دیا اور اقتصادی بحالی کے لئے پورا ملک گِروی رکھ دیا لیکن اب حکومت چھوڑنے کو دل بھی نہیں چاہ رہا اور اتحادی ایک دوسرے کو بلیک میل کرکے عوام کو بیوقوف بنانا چاہتے ہیں لیکن اب یہ امر عوام پر بالکل عیاں ہوچکا ہے کہ پی پی پی، مسلم لیگ اور پی ٹی آئی کی حکومتوں کی ناکامی کے بعد اب اتحادی حکومت کا تجربہ بھی ناکام اور ملک و ملت پر بوجھ بن گیا ہے۔ عوام اپنے مسائل کا حل اور صاف شفاف انتخابات چاہتے ہیں۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ 12 اگست تک قومی، صوبائی اسمبلیوں کی آئینی مدت مکمل ہوجانا ہے ، اب یہ حکومت کی چوائس ہے کہ وہ 60 دن یا 90 دن میںانتخابی عمل کا تعین کرے۔ عمران خان نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں صرف اختیار کے استعمال پر توڑدیں، اِس کا سیاسی فائدہ نہیں پوری سیاسی جمہوری انتخابی نظام کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا لیکن اب آئینی مدت کی تکمیل کے ساتھ انتخابات سے فرار، اگرچہ مگرچہ کی کوئی گنجائش نہیں۔ آنے والی نگران حکومتوں اور سِول-ملٹری اسٹیبلشمنٹ کے لیے ایک ہی باعزت، باوقار طریقہ ہے کہ سیاسی انجینئرنگ کی بجائے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بااختیار بنایا جائے، اعتماد دیا جائے اور ملک و ملت کو صاف شفاف غیرجانبدارانہ انتخابات دیئے جائیں۔ 2013، 2018 کے انتخابی تنازعات کے بعد 2023 کا انجینئرڈ، متنازعہ اور جانبدرانہ انتخاب بڑی تباہی کا باعث بنے گا اور سیاسی عدم استحکام، اقتصادی ڈیفالٹ اور بیرونی غلامی کو مزید پختہ بنادے گا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ اتحادی حکومت کی انتخابی اصلاحات کی کمیٹی یکطرفہ ہے اِسی لیے یہ متنازعہ ہی رہے گی۔ حکومت اپنی سفارشات دے۔ اصل کام الیکشن کمیشن آف پاکستان کا ہے کہ وہ تمام سیاسی جماعتوں کا اجلاس بلائے، انتخابی اصلاحات، ضابطہ اخلاق پر اتفاقِ رائے کیا جائے اور عملدرآمد بھی یقینی بنانے کا میکنزم بنے۔ جماعتِ اسلامی نے انتخابی اصلاحات کی سفارشات بہت پہلے تیار کرلی تھیں اور دوبارہ بھی تمام سٹیک ہولڈرز کو انتخابی اصلاحات کی سفارشات کا مسودہ بھجوایا جارہا ہے۔ جماعتِ اسلامی بروقت انتخابات، شفاف و غیرجانبدارانہ انتخابات کے لئے ملک گیر مہم جاری رکھے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں