کوئٹہ میں نیب کے زیر اہتمام بدعنوانی کیخلاف طلبا کا کردار کے موضوع پر آگاہی سیمینار
کوئٹہ (آئی این پی) قومی احتساب بیورو (نیب) بلوچستان کے زیر اہتمام سٹی سکول کوئٹہ کینٹ میں بدعنوانی کے خلاف طلبا کا کردار کے موضوع پر آگاہی مہم کے حوالے سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کا بنیادی مقصد طلبامیں بدعنوانی کے خلاف آگاہی و نفرت کو اجاگر کرنا تھا۔سکول کی جانب سے صائمہ نذیر اور حنا جب کہ نیب بلوچستان کی طرف سے ڈپٹی ڈائریکٹرز زاہد کاسی اور خرم شہزاد نے شرکا ءسے خطاب کیا۔ انہوں نے طلبا سے خطاب کرتے ہوئے نیب کے طریقہ کار اور کرپشن کے خاتمے میں طلبا کے کردار پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے معاشرے پر بدعنوانی کے منفی اثرات اور اس کے خاتمے کے لیے کیے جانے والے اقدامات بارے قیمتی بصیرت کا اظہار کیا۔ سیمینار میں ان موثر طریقوں پر بھی روشنی ڈالی گئی جن کے ذریعے طلبازیادہ شفاف اور جوابدہ معاشرے کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔ مجموعی طور پر یہ سمینار ایک معلوماتی پلیٹ فارم تھا جس نے طلبا کو انسداد بدعنوانی کے اقدامات میں فعال حصہ لینے کی ترغیب دی۔سیمینار کے اختتام پر ایک علامتی واک کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں طلبا نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔


