انتخابات 90 دن سے آگے جانے کا خدشہ نہیں، انتخابات میں تاخیر کی باتیں بے بنیاد ہیں، مولانا واسع
کوئٹہ (آئی این پی) جمعیت علمائے اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر و وفاقی وزیر ہا¶سنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع نے کہا کہ جمعیت آئندہ عام انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی، مرکزی امیر نے ملک میں آیندہ عام انتخابات کی مہم شروع کرنے کی ہدایت کردی۔ قومی اسمبلی کی اپنی مدت پوری ہونے پر تحلیل کر دی جائے گی، جمعیت کے مرکزی شوریٰ اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ آئینی تقاضہ ہے کہ اسمبلیاں 5 سال مدت پوری کریں، اور اسمبلی کی مدت ختم ہونے کے 90 دن میں الیکشن ہونے چاہیے انہوں نے کہا کہ 60 سے 90 روز میں الیکشن ہونا آئین کا تقاضہ ہے، اور بروقت الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے، جب کہ نگراں حکومت نے الیکشن کیلئے انتظامات کرنے ہیں، اسمبلی کی مدت 13 سے 14اگست کو مکمل ہو جائے گی، وزیر اعظم چیف الیکشن کمشنر کی سہولت کو مدنظر رکھیں، 90 دن سے آگے الیکشن جانے کا کوئی خدشہ نہیں، انتخابات میں تاخیر کی باتیں بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے میں وفاقی حکومت نے جو کردار اد ا کیا ہے وہ قابل تحسین ہے اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات استوار کرنے سے ملک کے ترقی اور خوشحالی پر اچھے اثرات مرتب ہونگے انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دور میں پاکستان کنڈرات کا منظر پیش کر رہا تھا اس وقت بھی پاکستان کی ڈھولتی کشتی کو وفاقی حکومت نے سنبھالا ہے اور آئندہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے بھی اپنا کردار اد اکرینگے انہوں نے کہا کہ ملک میں عام انتخابات وقت پر ہونگے اور اس کیلئے جمعیت علماءاسلام ہمہ وقت تیار ہے اور بلوچستان کے سطح پر بھر پور کامیابی حاصل کرینگے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات جمعیت علماءاسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمان کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں ملکی صورتحال سمیت عام انتخابات کے حوالے سے اہم فیصلے ہوئے۔


