رواں سال کے آخر تک ایم ایل ون پر کام شروع ہو جائے گا، سعد رفیق
لاہور(صباح نیوز)وزیرِ ریلوے و ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ رواں سال کے آخر تک ایم ایل ون پر کام شروع ہو جائے گا، ریلوے کی سمت ٹھیک ہوگئی،کوشش ہے کہ جو ٹرینیں بند ہیں انہیں بحال کیا جائے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ سابق حکومت نے ایم ایل ون پر کوئی کام نہیں کیا، لاگت ساڑھے 6 ارب ڈالر سے بڑھ کر 10 ارب ڈالر پر چلی گئی ، ایم ایل ون کیلئے ہم چائنیز کو منانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس بارشوں سے بنیادی ڈھانچہ شدید متاثر ہوا ، ریلوے ٹریک کو بھی بارشوں سے نقصان پہنچا ، ریلوے کے افسران اور ملازمین نے دن رات کام کر کے ٹریک بحال کیا۔وزیرِ ریلوے نے کہا کہ کوٹلی لاڑکانہ سیکشن پر ریلوے بحال ہو چکی ہے، کوشش ہے کہ جو ٹرینیں بند ہیں انہیں بحال کیا جائے، محدود وسائل اور مشکلات کے باوجود مسافروں کو سہولتیں فراہم کر رہے ہیں۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ریلوے کی سمت ٹھیک ہوگئی ، اب اگلی حکومت کی ذمہ داری ہوگی، حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں، ریاست کیلئے کام آگے بڑھانا چاہیے۔


