تعلیم دشمن عناصر نے عدالت سے اسٹے آرڈر لیکر اساتذہ کی تعیناتی کے عمل کو روک دیا، ژوب کے نوجوانوں کی دہائی
ژوب (این این آئی) ژوب کے نوجوانوں محمد اسماعیل مردان خان رحیم داد وزیر خان محمد آمین اور دیگر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم حکومت بلوچستان نے صوبے بھر میں ٹیچنگ اسٹاف کی عرصہ دراز سے خالی نو ہزار سے زائد اسامیوں پر تعیناتی کے لئے اخبارت میں مشتہر کئے جس پر صوبے بھر سے ہزاروں نوجوانوں نے درخواستیں جمع کراکر ٹیسٹ میں حصہ لیا اب ٹیسٹ کے نتائج کے بنیاد پر حقدار نوجوانوں کی تعیناتی کا مرحلہ آیا تو تعلیم دشمن عناصر نے بلوچستان ہائی کورٹ سے اسٹے آرڈر لیکر تعیناتی کے عمل کو روک دیا ہے جس سے بیروزگار نوجوانوں میں بے چینی پیدا جبکہ اساتذہ کی کمی کے باعث غیر فعال تعلیمی اداروں کی فعالی میں بھی رکاوٹ پیدا ہو گئی ہے ان خالی اسامیوں کو پر کرنے سے شعبہ تعلیم پر مثبت اثرات مرتب ہونے کے ساتھ تعلیمی ادارے فعال ہونگے جبکہ نوجوانوں کو روزگار ملنے کے ساتھ ہزاروں گھرانوں کے چولہے بھی روشن ہونگے انہوں نے معزز عدلیہ سے اسٹے آرڈر واپس لینے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں شعبہ تعلیم کی فعالی اور بہتری کے لئے خالی اسامیوں کو فوری طور پر پر کرنے کی ضرورت و اہمیت سے انکار ممکن نہیں ہے مگر اسٹے آرڈر کے باعث ان اسامیوں پر بروقت تعیناتی نہ ہونے کی صورت میں صوبے کی تعلیمی شعبے کی مزید نقصان ہو گا جس کے منفی اثرات سے طلبا کا مستقبل متاثر ہو گا اب بھی ان اسامیوں کی خالی ہونے سے بڑی تعداد میں سکول غیر فعال اور طلبہ کا تعلیمی سلسلہ متاثر ہے اگر ان اسامیوں پر بروقت تعیناتی عمل میں نہ لائی گئی تو اس کے منفی اثرات سے تعلیمی ادارے مزید متاثر ہونگے انہوں نے کہا کہ معزز عدلیہ ٹیچنگ اسٹاف کی اسامیوں پر اسٹے آرڈر واپس لیکر تعلیم دوستی کا ثبوت دیں۔


