بچوں کی لڑائی پر باپ بیٹے نے 9 سالہ بچے کو پانی میں غوطے دے کر مار دیا
ڈیرہ اسماعیل خان (صباح نیوز)تین سال قبل بچوں کی لڑائی اور فیصلہ ہونے کے باوجود باچا آباد میں باپ بیٹے نے 9سالہ بچے کو کھڑے پانی میں غوطے دے کر ماردیا، تھانہ کلاچی پولیس نے مقتول بچے کے دادا کی رپورٹ پر مقدمہ ملزم باپ بیٹے کے خلاف درج کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ کلاچی میں 62سالہ اکبر زمان بنوچی ولد عارف سکنہ گومل بازار مانجھی ضلع ٹانک حال باچا آباد نے قتل کی دفعہ کے تحت رپورٹ درج کرائی ہے کہ میرا 9سالہ پوتا نور جمال ، 10سالہ پوتی شہناز بی بی ولد ناصر خان صبح سویرے گھر سے لکڑیاں اٹھانے اراضی نورنگ خان بحد باچا آباد گئے ہوئے تھے ایک دفعہ لکڑیاں اٹھا کر گھر لے آئے ، اور دوسرے چکر کیلئے لکڑیاں اٹھانے گئے ہوئے تھے کہ پوتی شہناز بی بی گھر میں بھاگ کر آئی اور کہا نور جمال کو حضرت ولد فیض اللہ ، فیض اللہ ولد سروراقوام انیزئی سکنائے باچا آباد نے پکڑا ہے کھڑے پانی کے عوئے بند میں غوطے دے رہے ہیں ، میں اور میرا بیٹا شیر غلام موقع پر پہنچے تو پوتا نور جمال پانی میں قتل شدہ پایا ملزمان موقع سے بھاگ گئے تھے ،پوتی شہناز بی بی اور وہاں پر موجود لوگوں نے بھی شاید دیکھا ہو، وجہ عداوت ہماری فیض اللہ کیساتھ تین سال قبل بچوں کی لڑائی پر جھگڑا ہوا تھا اور بعد ہمارے مابین فیصلہ بھی ہوچکاتھا ، موقع پا کر میرے پوتا کو کھڑے پانی میں غوطے دیکر مار کیا ہے۔


