انسداد تخریب کاری عدالت، یاسمین راشد،عمرسرفراز چیمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14روز تک توسیع

لاہور(صباح نیوز)لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے پانچ مقدمات میں رہنما تحریک انصاف یاسمین راشد کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر دی ، جناح ہائوس حملہ توڑ پھوڑ کیس میں سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں بھی چودہ روز کی توسیع کر دی گئی۔پیر کو انسداد دہشتگردی عدالت کی ایڈمن جج عبہر گل خان نے عسکری ٹاور پر حملہ، مسلم لیگ ن آفس جلانے اور دیگر مقدمات پر سماعت کی۔ڈاکٹر یاسمین راشد کو جوڈیشل ریمانڈ کی معیاد ختم ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا۔پولیس نے یاسمین راشد کے ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی تاہم عدالت نے پانچ مقدمات میں یاسمین راشد کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر دی۔عدالت نے یاسمین راشد کو 7 اگست کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم بھی دے دیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے جناح ہائوس حملہ توڑ پھوڑ کیس میں سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز کی توسیع کر دی۔پولیس کی جانب سے عمر سرفراز چیمہ کو جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا۔تفتیشی افسر نے کہا کہ مقدمات کا چالان تکمیل کے مرحلے میں ہے، مہلت دی جائے۔عدالت نے آئندہ سماعت پر پولیس سے جناح ہائوس حملہ کیس کے چالان کی تفصیلات طلب کرلیں۔عمر سرفراز چیمہ کے خلاف سانحہ نو مئی کے حوالے سے تھانہ سرور روڈ میں مقدمہ درج ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں