آسٹریلوی ساحل پر 100 وہیل مچھلیاں پھنس گئیں، 51 ہلاک

سڈنی(صباح نیوز)آسٹریلیا کے ساحل پر 100 کے قریب پائلٹ وہیل مچھلیاں پھنس گئیں جنہیں بچانے کی بھرپور کوشش کی گئی تاہم ان میں سے 50 ہلاک ہوگئیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پائلٹ وہیل مچھلیوں کے غول کو مغربی آسٹریلیا میں شین ساحل کے قریب تیرتے ہوئے دیکھا گیا تاہم بعد میں وہ ساحل کے قریب بڑھنا شروع ہوگئیں اور منگل کی شام 4 بجے تک ساحل کا کنارہ مچھلیوں سے بھرا گیا۔ مچھلیوں کے ساحل پر پھنسنے کی اطلاع ملنے کے بعد آسٹریلوی محکمہ برائے بایو ڈائیورسٹی کے اہلکار ساحل پر پہنچے اور کیمپ لگا کر مچھلیوں کو مانیٹر کرتے رہے، مچھلیوں کو بچانے کی کوشش کی گئی تاہم ان میں نصف مر گئیں۔ محکمہ برائے بایو ڈائیورسٹی کے منیجر پیٹر ہارٹلے کا کہنا ہے کہ انہوں نے مرنے والی مچھلیوں کی گنتی کی جو 51 تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ اب بھی 46 مچھلیاں زندہ ہیں تاہم انہیں سمندر میں واپس لے جانے کی کوششیں جاری ہیں، سینکڑوں کی تعداد میں رضاکار بھی مچھلیوں کو زندہ بچانے کیلئے پہنچ گئے ہیں جبکہ سیاحوں کو ساحل سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ جنگلی حیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ وہیل مچھلی کے غیر معمولی برتاؤ کی وجہ بیماری یا تناؤ کی کیفیت ہوسکتی ہے۔ واضح رہے کہ پائلٹ وہیلز کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ وہ بہت زیادہ سوشل ہوتی ہیں اور عمر بھر اپنے غول کے ساتھ قریبی تعلق میں رہتی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں