60 روزہ ڈیڈ لائن ختم،امریکہ ایران کیساتھ مفاہمی یادداشت میں توسیع کا خواہاں نہیں،ٹرمپ
واشنگٹن/تہران(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ ختم ہونے والے مفاہمتی یادداشت میں توسیع کرنے سے انکار کرتے ہوئے تہران سے سفید جھنڈا لہرانے کا مطالبہ کیا ہے۔امریکا ایران کے ساتھ مفاہمتی یادداشت میں توسیع کا خواہاں نہیں، جو پیر کو اپنی مدت پوری کرچکی ہے۔ انہوں نے ایران پر زور دیا کہ وہ جنگ ختم کرنے کے لیے ہتھیار ڈال دے۔امریکی صدر نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ان کی ٹیم ایران کی پاسداران انقلاب سے مذاکرات کر رہی ہے تاہم ایرانی پاسداران انقلاب نے اس دعوے کی تردید کردی ہے۔دوسری جانب ایرانی حکام نے اشارہ دیا ہے کہ مفاہمتی یادداشت کی مدت ختم ہونے کے بعد ایران امریکا کے خلاف زیادہ سخت حکمت عملی اختیار کرسکتا ہے۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکا کی جانب سے معاہدے کی مبینہ خلاف ورزیوں کے باعث مذاکرات کے لیے مقرر کردہ 60 روز کی مدت اب بے معنی ہوچکی ہے۔ایران کسی دباو¿ یا دھمکی کے تحت اپنی پالیسی تبدیل نہیں کرے گا اور حملے کی صورت میں جواب دینے کے لیے تیار ہے۔یہ صورتحال ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب آبنائے ہرمز میں بھی کشیدگی برقرار ہے اور امریکا کی جانب سے اس اہم بحری گزرگاہ پر کنٹرول کے دعووں نے خطے میں تشویش مزید بڑھا دی ہے۔


