نیپال، لینڈنگ کے دوران دو ہیلی کاپٹرز آپس میں ٹکرا گئے، ایک سیاح ہلاک
کھمبو(مانیٹرنگ ڈیسک)نیپال کے پہاڑی علاقے سول کھمبو میں لینڈنگ کے دوران دو ہیلی کاپٹر آپس میں ٹکرا کر تباہ ہوگئے، جس کے نتیجے میں ایک غیر ملکی سیاح ہلاک اور دوسرا مسافر زخمی ہوگیا۔ ضلعی پولیس دفتر کے مطابق حادثہ صبح تقریباً 8 بج کر 11 منٹ پر کھمبو پاسانگ لہمو دیہی میونسپلٹی کے وارڈ نمبر 4 میں واقع علاقے پھیرچے میں پیش آیا۔حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹرز ایئر ڈائنیسٹی اور فش ٹیل ایئر کمپنیوں کے زیرِ استعمال تھے۔ ہلاک ہونے والے غیر ملکی شہری کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی، جبکہ حادثے میں ایک مسافر زخمی ہوا ہے۔ زخمی کو ابتدائی طبی امداد کے لیے پربھو ایئر کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے لوکلا پہنچایا گیا۔دونوں ہیلی کاپٹرز میں سوار دیگر مسافروں اور عملے کے ارکان کی تفصیلات فوری طور پر دستیاب نہیں ہوسکیں، جبکہ زخمی کی حالت کے بارے میں بھی معلومات سامنے نہیں آئیں۔حادثے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔ پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے اور مزید تفصیلات جمع کی جارہی ہیں۔


