کوئٹہ میں یوم عاشور کا مرکزی جلوس علمدار روڈ سے برآمد ہوگا، راستے سیل، موبائل فون سروس بند ہوگی

کوئٹہ (این این آئی) یوم عاشور کا مرکزی ماتمی جلوس آج علمدار روڈ سے برآمد ہوگا، جلوس کے راستوں کو قناتیں اور بڑے ٹرک کھڑے کر کے مکمل سیل کر دیاگیا کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کیلئے فوج بھی ہائی الرٹ رہے گی، اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی جبکہ کوئٹہ میں موبائل فون سروس صبح چھ بجے سے رات12 بجے تک معطل رہے گی۔ دسویں محرم الحرام کا ذوالجناح تعزیوں اور علموں کا 23 دستوں پر مشتمل مرکزی ماتمی جلوس آج بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر ناظم اعلیٰ جواد رفیعی کی قیادت میں صبح نو بجے مومن آباد امام بارگاہ علمدار روڈ سے برآمد ہوگا جو اپنے روایتی راستوں علمدار روڈ قائد آباد اسٹریٹ، طوغی روڈ، مشن روڈ، باچا خان چوک، لیاقت بازار، پرنس روڈ، میکانگی روڈ، ابراہیم اسٹریٹ سے ہوتا ہوا علمدار روڈ مومن آباد امام بارگاہ پر شام کو اختتام پذیر ہوگا۔ باچا خان چوک پر بلوچستان شیعہ کانفرنس کے صدر ناظم اعلیٰ جواد رفیعی سمیت دیگر مقررین عزاداروں سے خطاب کریں گے شام کو پنجابی امام بارگاہ پر اختتام ہوگا، یوم عاشور کے موقع پر کوئٹہ میں موبائل فون سروس صبح چھ بجے سے رات12 بجے تک معطل رہے گی، جلوس کے داخلی راستوں میں آنے والی دکانوں اور مارکیٹوں عمارتوں کو مکمل اسکریننگ کے بعد سیل کردیا گیا، بغیر اجازت کسی کو بھی جلوس میں جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس موقع پر ایف سی، پولیس، اے ٹی ایف، آرآ ر جی اور بی سی کے سات ہزار افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، پہاڑوں پر لیویز اور ایف سی کے ایک ہزار اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جلوس کی سی سی ٹی وی کیمروں اور فضائی نگرانی بھی کی جا ئے گی جبکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کیلئے فوج ہائی الرٹ رہے گی، اہسپتالوں میں ایمرجنسی فافذ کردی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں