عام انتخابات اچھے خاصے وقت کیلئے ملتوی ہوسکتے ہیں، منظور وسان

کراچی(یو این اے)مشیر زراعت سندھ منظور وسان نے ایک بار پھر بڑی پیشگوئی کردی، کہتے ہیں کہ عام انتخابات میں تاخیر ہوگی، انتخابات وقت پر ہوتے نظر نہیں آرہے، ہوسکتا ہے کہ انتخابات اچھے خاصے وقت کیلئے ملتوی ہوجائیں۔مشیر زراعت سندھ منظور وسان نے گفتگو کرتے ہوئے ایک بار پھر بڑی پیش گوئی کردی، کہتے ہیں کہ عام انتخابات وقت پر ہوتے نظر نہیں آرہے، اس میں تاخیر ہوگی، الیکشن کے التوا میں انٹرنیشنل قوتوں، قرضہ دینے والوں کا کردار ہوسکتا ہے، ہوسکتا ہے کہ انتخابات اچھے خاصے وقت کیلئے ملتوی ہوجائیں، ممکن ہے کہ نگران سیٹ اپ 3 ماہ سے 2 سال تک چلے۔صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ الیکشن میں پاکستان پیپلزپارٹی کیخلاف متحدہ قومی موومنٹ پاکستان، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس اور جمعیت علمائے اسلام کا الائنس بن سکتا ہے، الائنس بنانے میں مولانا فضل الرحمان کا کردار ہوگا، ہماری خواہش ہے کہ بلاول بھٹو زرداری وزیراعظم بنیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مجھے اچھے دن نظر آرہے ہیں، اس ہفتہ اور اگلے 2 ماہ کے دوران بڑی مچھلیوں کا احتساب ہوگا، نگراں وزیراعظم یا وزرا اعلی سیاسی نہیں ہوں گے، کسی بھی وقت بڑا سرپرائز آسکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں