سندھ ہائیکورٹ نے صوبائی حکومت کو مختلف محکموں میں بھرتیوں سے روک دیا، فریقین کونوٹس جاری
کراچی (صباح نیوز)سندھ ہائیکورٹ نے صوبائی حکومت کومختلف محکموں میں بھرتیوں سے روک دیا،عدالت نے سندھ حکومت اور دیگر کو 30 اگست کے لیے نوٹس بھی جاری کردئیے۔سندھ ہائیکورٹ نے ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے 140سے زائد محکموں میں سندھ حکومت کی بھرتیوں کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔ایم کیو ایم کی درخواست میں کہا گیا تھا کہ سندھ حکومت قانونی تقاضے پورے کیے بغیر بھرتیاں کررہی ہے اور صوبائی حکومت کی جانب سے من پسند افراد کو نوکریوں سے نوازا جارہا ہے۔درخواست میں کہا گیا کہ سندھ حکومت کی مدت 11اگست 2023کو ختم ہورہی ہے اور ان کا یہ عمل الیکشن سے قبل دھاندلی کے زمرے میں آتا ہے۔عدالت نے درخواست پر سماعت کے بعد سندھ حکومت کو مختلف محکموں میں بھرتیوں کے سلسلے کو روک دیا اور ملازمتوں سے متعلق جاری مختلف اشتہارات کو بھی معطل کردیا۔عدالت نے سندھ حکومت اور دیگر کو 30 اگست کے لیے نوٹس بھی جاری کردئیے۔


