پاکستان کے نگران وزیر اعظم کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں، امریکا

واشنگٹن (صباح نیوز)امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے کہا ہے کہ امریکہ نے سینیٹر انوار الحق کاکڑ کی پاکستان کے عبوری وزیر اعظم کے طور پر تقرری کو نوٹ کرتے ہوئے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں اپنی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ اپنی روزانہ کی پریس بریفنگ میں ترجمان نے کہا کہ امریکہ عبوری وزیر اعظم اور ان کی ٹیم کے ساتھ مل کر کام کرنے کا منتظر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یقینا، ہم پاکستان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے شعبوں میں شراکت داری جاری رکھیں گے۔ترجمان ویدانت پٹیل کا کہنا ہے کہ پاکستان کے معاشی استحکام، خوشحالی اور سلامتی میں ہماری دلچسپی، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد اور جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کا احترام کے شعبوں میں شراکت داری جاری رکھیں گے۔یاد رہے کہ انوار الحق کاکڑ نے پیر کو ایک نگراں حکومت کی سربراہی کے لیے وزیر اعظم کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں