نئے اسلحہ لائسنسز کے اجرا پر پابندی، کرپشن کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، سرفراز بگٹی
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)نگران وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی کی وزارت داخلہ آمد،وزارت داخلہ کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا۔وزارت داخلہ آمد پر وفاقی سیکرٹری داخلہ سید علی مرتضیٰ سمیت دیگر حکام نے وفاقی وزیر کا استقبال کیا۔وزارت داخلہ آمد پر نگران وزیر داخلہ کو سلامی پیش کی گئی۔سرفراز احمد بگٹی پاکستان کے 47 ویں وفاقی وزیر داخلہ ہیں۔نگران وزیر داخلہ کی وزارت کے سینئر افسران سے تعارفی ملاقات بھی کی ،وزیر داخلہ کو وزارت داخلہ اور اسکے ذیلی اداروں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس دوران نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ تمام شہریوں کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، ان کا کہنا تھا کہ جڑانوالہ کا سانحہ انتہائی شرمناک اور رسول پاک کی تعلیمات کے منافی ہے، ہر شہری کو حق حاصل ہے کہ وہ پورے ملک میں بلا خوف و خطر نقل و حمل کر سکے،نگران وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ملک میں کسی گروہ کو تشدد کی اجازت نہ دی جائے گی، ہم سب کو مل کر ملک و قوم کی خدمت کیلئے کام کرنا ہو گا، نگران وزیر داخلہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ کرپشن کو کسی صورت میں برداشت نہیں کیا جائے گا، نگران وزیر داخلہ کے حکم پر نئے اسلحہ لائسنسز کے اجرا پر پابندی عائد کر دی گئی،


