عوام پرامن رہیں، ان کی خدمت کیلئے ہمہ وقت موجود ہیں، نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ (انتخاب نیوز) نومنتخب نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان علی مردان ڈومکی نے کہا ہے کہ شفاف انتخابات کے انعقاد اور صوبے میں امن وامان کے قیام کیلئے اپنے تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے، انتخابات کا اعلان الیکشن کمیشن کا کام ہے، ان کی جانب سے اعلان کے بعد مقررہ مدت میں انتخابا ت کے انعقاد کو یقینی بنائیں گے۔ نگراں کابینہ میں ایک دو یا تین دن لگ جائیں گے، عوام اطمینان رکھیں ہم ان کی خدمت کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلف برداری کے بعد صحافیوںسے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبے میں امن وامان کے قیام کیلئے بھر پور کوشش کریں گے، عوام پر امن رہیں ان کی خدمت کیلئے ہمہ وقت موجود ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہمیں جو ذمہ داری سونپی گئی ہے اسے احسن طریقے سے نبھانے کی کوشش کریں گے ہمارا اصل مقصد عام انتخابات ہے، الیکشن کمیشن کی جانب سے شیڈول جاری ہونے کے بعد بروقت اور شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنائیں گے۔ بلوچستان کے عوام سے یہی اپیل ہے کہ وہ پرامن رہیں، ہم کوشش کریں گے کہ اپنے اختیارات صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں، مجھ پر بحیثیت نگراں وزیراعلیٰ انتخاب پر تمام سیاسی جماعتوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں، یہی جمہوریت کا حسن ہے کہ بحث مباحثے کے بعد مجھے بحیثیت نگراں وزیراعلیٰ منتخب ہونے پر میں سب کا شکر گزار ہوں۔


