ہمیں صرف بچوں کی حفاظت نہیں کرنی بلکہ اُنہیں بااختیار بنانا ہے، ماہرہ خان

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماہرہ خان کا کہنا ہے کہ ہمیں بچوں کی صرف حفاظت نہیں کرنی بلکہ اُنہیں بااختیار بنانا ہے۔ماہرہ خان نے بچوں سے محنت مزدوری کروانے اور ان پر تشدد کے خلاف آواز اُٹھانے کے لیے آگاہی پیدا کرنے کے حوالے سے منعقد کی گئی ایک تقریب میں شرکت کی۔اُنہوں نے اس تقریب میں بچوں کی حفاظت کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ’ہمیں صرف بچوں کی حفاظت کرنے کی ضرورت نہیں بلکہ اُنہیں بااختیار بنانا ہے‘۔اُنہوں نے کہا کہ کیونکہ اگر میرے پاس کوئی ہنر ہے تو میں 12 یا 13 سال کی عمر میں بھی اپنے لیے پیسے کما سکتی ہوں پھر مجھے یوں کسی درندے کے گھر پر جا کر کام نہیں کرنا پڑے گا۔ماہرہ خان نے مطالبہ کیا کہ بچوں پر تشدد کے واقعات کے خلاف اپنی آواز اُٹھائیں کیونکہ جتنی ہم اس بارے میں بات کریں گے اس معاملے کو اتنی زیادہ توجہ ملے اور جب ہماری آوازیں آگے پہنچیں گی تو شاید کچھ اقدامات بھی ہوتے نظر آئیں گے۔واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے میں بچوں سے مشقت اور ان پر تشدد کے کئی افسوس ناک واقعات سامنے آئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں