ریاست کو نقصان پہنچانے والے فیصلوں کو عوام کے سامنے لانا ہو گا، جاوید لطیف
لاہور(صباح نیوز)مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف نے کہا ہے کہ ریاست کو نقصان پہنچانے والے فیصلوں کو عوام کے سامنے لانا ہو گا،کہا جا رہا ہے نواز شریف پاکستان آئیں اور قانون کا سامنا کریں،کیا نواز شریف کیخلاف سازش کرنے والے کردار بے نقاب ہو چکے ہیں۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ جڑانوالہ واقعہ میں مذہبی سازشوں کو بے نقاب کر سکتے ہیں، اسی طرح ملک اور ریاست کے خلاف سازشوں کو بے نقاب کرنا ہو گا،آج ہر گھر میں عدم استحکام بڑھ رہا ہے، ملک بھر میں بجلی کے بلوں کا رونا رویا جا رہا ہے، اس سازش کے پیچھے چھپے ذمہ داروں کو سامنے لانے تک ملک میں استحکام نہیں آئے گا۔جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ ریاست کو نقصان پہنچانے والے فیصلوں کو عوام کے سامنے لانا ہو گا، 75 سال میں آج تک ملک میں اتنی درخواستیں کسی کے لئے عدالتوں میں نہیں گئیں۔انہوں نے کہا کہ انصاف دینے والی قابل احترام شخصیت قاضی فائزعیسیٰ کے خلاف ریفرنس دائر کر دیا گیا،کہا جا رہا ہے نواز شریف پاکستان آئیں اور قانون کا سامنا کریں، کیا ذوالفقار علی بھٹو سے انصاف ہوا تھا، کیا نواز شریف کیخلاف سازش کرنے والے کردار بے نقاب ہو چکے ہیں، آپ آج بھی ان کرداروں کو عدالت کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کو تیار نہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کے خلاف سازش کرنے والوں کو عوام کے سامنے لانا ریاستی اداروں کے سربراہان کی ذمہ داری ہے، 2017 کے کرداروں کو بھی عوام کے سامنے لایا جائے۔


