این ایف سی اور اٹھارویں ترمیم سے متعلق عمران خا ن کا بیان آئین کی خلاف ورزی ہے، نواب رئیسانی
کوئٹہ: سابق وزیراعلیٰ بلوچستان،چیف آف ساراوان ورکن بلوچستان اسمبلی نواب محمد اسلم خان رئیسانی نے کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان کے 18ویں آئینی ترمیم کو کالعدم قراردینے اور ساتویں این ایف سی فارمولے سے متعلق بیان آئین پاکستان کی کھلم کھلا خلافورزی ہے،حکمرانوں کی جانب سے عوام کے منتخب کردہ مینڈیٹ کو نظرانداز کرنے سے سیاسی ماحول پر منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں،پہلے سے قرض دار حکومت نے گوادر پورٹ مفت چین کے حوالے کردی،پاکستان ایک فیڈریشن جس کیلئے نیا عمرانی معاہدہ ناگزیر ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سابق وزیراعلیٰ نواب محمد اسلم رئیسانی نے کہاکہ بلوچستان کے حکمرانوں کی جانب سے صوبے کی عوام کی منتخب عوامی منڈیٹ کونظرانداز کرنے کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں اس طرح کے ناروا وغیر سیاسی رویہ غیر سیاسی لوگوں کا کام ہے جس کے صوبے کی سیاسی ماحول پر انتہائی منفی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں،انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کے 18ویں آئینی ترمیم کو کالعدم قراردینے اور 7ویں نیشنل فنانس کمیشن کے فارمولے سے متعلق بیان آئین پاکستان کی خلاف ورزی ہے یہ اس فیڈریشن کے تمام اکائیوں کی اتفاق رائے سے ہوئی ہے مگر حکمرانوں کا رویہ باعث افسوس ہے،ملک پہلے سے قرض دار ہے مگر پاکستان کی حکومت نے گوادر پورٹ کو مفت چین کے حوالے کردی ہے،پاکستان ایک فیڈریشن ہے جس کیلئے نئے عمرانی معاہدہ ناگزیر ہے جس میں وفاق کے اکائیوں کے پاس زیادہ اختیارات ہوں۔


