تربت میں شہید نسیم جنگیان کے گھر پر چھاپہ، اہلخانہ پر تشدد کی مذمت کرتے ہیں، نیشنل پارٹی

کوئٹہ (انتخاب نیوز) نیشنل پارٹی کے ترجمان نے تربت میں نیشنل پارٹی کے رہنما شہید نسیم جنگیان کے گھر پر چھاپے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی اداروں نے چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے انتہائی بدتمیزی اور بد اخلاقی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بچوں اور بوڑھوں پر تشدد کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ سب کچھ بلا جواز کیا گیا۔ نیشنل پارٹی ریاستی اداروں کے غیر اخلاقی، بلاجواز اقدامات اور رویوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کرتی ہے کہ واقعے کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائے تاکہ اس طرح کے انسانیت سوز واقعات سے لوگوں کو تحفظ حاصل ہوجائے۔ بیان میں کہا گیا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ کوئی بھی ادارہ اس کارروائی کی ذمہ داری لینے کو تیار نہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ اداروں کو کچھ کرنے یا لوگوں کے گھروں میں جانے سے قبل معلومات اور چیزوں کا جائزہ لینا چاہیے۔ بیان میں کہا گیا کہ نیشنل پارٹی اس طرح کے واقعات پر کسی صورت بھی خاموش نہیں رہے گی۔ اس اقدام کے درپردہ حقائق اور کرداروں کو بے نقاب کیا جائیگا۔ بیان میں تربت انتظامیہ کی لاپروائی اور بے حسی کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں