پولیس مقابلے اور حادثے میں 2 پولیس اہلکار جاں بحق، خاتون ایس ایچ او زخمی

کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں پولیس مقابلے اور پولیس موبائل الٹ جانے سے سب انسپکٹر سمیت 2 پولیس ملازم جاں بحق جبکہ خاتون ایس ایچ او سمیت 2 ملازمین زخمی ہوگئے۔

ویسٹ زون پولیس کے ڈی ایس پی ایڈمن ناصر بخاری کے مطابق سرجانی ٹاؤن کے علاقے میں نادرن بائی پاس پر پولیس مقابلے کی اطلاع پر ایس ایچ او سرجانی ٹاؤن انسپکٹر شرافت خان پولیس پارٹی کے ہمراہ تھانے سے روانہ ہوئیں تو پولیس موبائل تیز رفتاری کے دوران انارکلی کے مقام پر الٹ گئی جس کے نتیجے میں پولیس کے سب انسپکٹر غلام رسول جاں بحق جبکہ ایس ایچ او انسپکٹر شرافت خان اور دو دیگر پولیس ملازمین زخمی ہوگئے۔

ڈی ایس پی ناصر بخاری کے مطابق ایس ایچ او کی حالت خطرے سے باہر ہے جنہیں نجی اسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق نادرن بائی پاس پر مبینہ طور پر ڈاکوؤں سے ہونے والے مقابلے میں پولیس کانسٹیبل عرفان شہید ہوگیا جبکہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

عباسی شہید اسپتال کے ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے دونوں پولیس اہلکاروں کی لاشیں اور زخمی پولیس اہلکاروں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں