حکومت وڈھ میں سیکورٹی صورتحال بہتر بنانے کیلئے کام کررہی ہے، نگراں وزیر اطلاعات
کوئٹہ (آن لائن) نگراں وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا کہ بلوچستان حکومت وڈھ میں معمول کی بحالی اور کشیدگی کو کم کرنے کے لیے کام کررہی ہے، حکومت نے ڈی آئی جی خضدار منیر احمد شیخ کو قبائلی عمائدین سردار اسد اللہ مینگل اور میر شفیق الرحمن سے ملاقات کے لیے روانہ کردیا ہے۔ ایس ایس پی خضدار میر حسین احمد لہڑی بھی اس کاوش کا حصہ ہیں انہوں نے سردار اسد اللہ مینگل اور میر شفیق الرحمان مینگل سے الگ الگ ملاقات کی جس میں مارکیٹ کی بندش، مرکزی آر سی ڈی روڈ اور مضافاتی علاقوں میں وقفے وقفے سے فائرنگ اور عام لوگوں کو درپیش مسائل جیسے خوراک، پانی کی عدم دستیابی سمیت صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ بازار کو کھولا جائے تاکہ لوگ اپنی روزمرہ ضروریات کی اشیاءخرید سکیں اور حکومت متاثرہ افراد کو ریلیف فراہم کر سکے وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا کہ دونوں جماعتوں نے حکومت کو عام لوگوں اور مسافروں کی مشکلات کم کرنے کے لیے اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہےحکومت نے امن بحال کرنے کی اپیل کی ہے کیونکہ مقامی معیشت متاثر ہو رہی ہے اور لوگوں کو تکلیف ہو رہی ہے حکومت وڈھ میں سیکورٹی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے کام کررہی ہے۔ علاقے میں اضافی سکیورٹی اہلکار تعینات کیے جا رہے ہیں اور گشت بڑھا دیا گیا ہےحکومت وڈھ میں امن اور معمول کی بحالی اور اپنے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔


