بلوچستان قبائلی جنگ کا متحمل نہیں ہوسکتا، بولان میں انسانی جانوں کا ضیاع روکا جائے، نیشنل پارٹی

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بولان میں زمینی تنازع لسانی نفرتوں کی شکل اختیار کررہا ہے، ریاست اپنی ذمہ داری پوری کرے اور قبائلی عمائدین، علما کرام اور سادات بھی اپنا کردار ادا کرتے ہوئے نفرتوں اور قیمتی جانوں کے ضیاع کا سدباب کریں۔ نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بولان میں اراضیات کے تنازعات کے باعث قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہورہا ہے۔ دوسری جانب ان تنازعات کے سبب لسانی نفرتیں جنم لے رہی ہیں جو کہ نیک شکون نہیں ہے، جس طرح وڈھ اور دشت گوران کے مقام پر بھی مسلح قبائل ایک دوسرے کے خلاف مورچہ بند ہیں اور روزانہ فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ ان علاقوں میں ریاست کی رٹ کہیں نظر نہیں آرہی، ایسے مسائل و مشکلات میں ریاست کی اہم ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ امن و امان کے لیے مو¿ثر اقدام اٹھائے۔ پارٹی ترجمان نے کہا کہ بلوچستان کسی قسم کی خانہ جنگی، قبائلی و لسانی منافرت کا متحمل نہیں ہوسکتا، اس طرح کی صورتحال میں سے مخصوص گروہ کے مفادات تو وابستہ ہوسکتے ہیں مگر مجموعی طور پر خطے اور عوام کے لیے مشکلات کا باعث بن سکتا ہے۔ پارٹی ترجمان نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے جبکہ قبائلی عمائدین، علما کرام سادات سے گزارش ہے کہ وہ اس قسم کے خونی تصادم سے لوگوں کو بچانے کے لیئے اپنا عملی کردار ادا کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں