بھارت میں آج کل جنونیت کا راج ہے، نصیرالدین شاہ

ممبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار نصیرالدین شاہ نے پاکستان اور مسلمان دشمنی پرمبنی فلموں کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ویٹرن اداکار نصیرالدین شاہ نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ’غدر 2‘ ، ’کیرالہ اسٹوری‘ اور ’ کشمیر فائلز‘ جیسی فلموں کی مقبولیت اور کامیابی پریشان کن ہے۔لیجنڈ اداکار نے مزید کہا کہ آج کل بھارت میں جنونیت کا راج ہے۔ جو جتنا جنونی ہوگا اسے اتنی ہی مقبولیت ملے گی۔ اپنے آپ کو برتر سمجھنے اور دوسروں سے نفرت کرنے والے مشہور ہوتے ہیں۔نصیرالدین شاہ نے کہا کہ بھارت میں اب ملک سے محبت ضروری نہیں بلکہ اس کا ڈھول پیٹنا اور کسی فرضی دشمن کو کھڑا کرنا بھی ضروری ہے۔ جو لوگ یہ سب کررہے ہیں ان کو معلوم نہیں کہ یہ کتنا خطرنا ک ہے۔ زندگی کے اصل حقائق دکھانے والے ڈائرکٹرز کی فلمیں کامیاب نہیں ہورہیں لیکن میرا ان کو پیغام ہے کہ وہ ہمت نہ ہاریں اور اس جنونیت کے طوفان کے باوجود اچھی اور معیاری فلمیں بنانا جاری رکھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں