پاکستان میں تخریب کاری کے واقعات جنگی پالیسیوں کا تسلسل ہیں، این ڈی ایم

کوئٹہ (یو این اے) نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے صوبائی بیان میں جمعیت علمائے اسلام کے رہنما حافظ حمداللہ پر بم حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے پشتونخوا وطن اور پشتون عوام پر مسلط دہشت گردی اور جنگی پالیسیوں کا تسلسل قرار دیا ہے۔بیان میں کہاگیا ہے کہ پاکستان بالخصوص پشتونخوا وطن میں سیاست اور سیاسی عمل کا راستہ روکنے اور جنگی معیشت و کاروبار کیلئے دہشت گردی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرکے سیاسی رہنماﺅں و کارکنوں اور عوام کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے اور ہزاروں سیاسی رہنما و کارکن اور عوام اس ریاستی دہشت گردی اور ریاست کے جنگی پالیسیوں کا شکار ہوئے ہیں، اسی طرح ان استعماری قوتوں کی پالیسیوں نے ملک کو بدترین سیاسی، معاشی، سماجی، انتظامی بحرانوں کا شکار بناکر خطے اور عالمی سطح پر تنہا کردیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مین اسٹریم کی سیاسی پارٹیاں پنجاب کے استعماری قوتوں کے ساتھ سمجھوتوں اور مصلحتوں کی سیاست ترک کرکے حقیقی جمہوری سیاسی راہ پر گامزن ہوکر عوام کی طاقت سے ان استعماری قوتوں کو شکست دے۔ بیان میں سیاسی رہنما حافظ حمداللہ اور دیگر زخمی سیاسی کارکنوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی گئی ہے اور واقعہ میں ملوث دہشت گردوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں