پیٹرول کی قیمتوں اور بجلی بلوں کیخلاف جماعت اسلامی کا کراچی کے 19 مقامات پر احتجاج

کراچی (انتخاب نیوز) پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے اور بجلی کے بڑھتے ہوئے بلوں کیخلاف جماعت اسلامی نے کراچی میں بیک وقت کئی مقامات پر احتجاج کیا۔ منگل کو جماعت اسلامی کے تحت کورنگی، اورنگی ٹا?ن، شیر شاہ چوک، ملیر 15، واٹر پمپ شاہراہ پاکستان، قائد آباد اور ایم اے جناح روڈ سمیت شہر کے 19 مقامات پر احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف جماعت اسلامی کے مظاہرے میں عوام نے شاہراہ فیصل نرسری اسٹاپ پر کچھ دیر گاڑیاں کھڑی کرکے اور ہارن بجا کر احتجاج کیا۔ مظاہرین سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ وزرا اور سرکاری افسروں کے پاس کئی کئی گاڑیاں ہیں اور ان کے پیٹرول کا خرچہ عوام برداشت کررہے ہیں لیکن اب ایسے نہیں چلے گا کہ اشرافیہ کیلئے مفت پیٹرول اور بجلی ہو اور عوام مہنگائی کے ہاتھوں دو وقت کی روٹی بھی نہ کھاسکیں۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عوام پوچھتے ہیں، اربوں روپے کمانے والے جاگیرداروں اور وڈیروں پر ٹیکس کیوں نہیں لگائے جاتے؟ ہمارا مطالبہ ہے کہ وڈیروں اور جاگیرداروں پر بھی ٹیکس لگایا جائے اور عوام کیلئے بجلی اور پیٹرول سستا کیا جائے۔ مظاہرے میں خواتین کے علاوہ تاجر رہنما?ں عتیق میر، محمود حامد اور دیگر بھی شریک ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں